16-May-2022 شملہ ڈائری
شملہ ڈائری : 07/05/2022
اسٹیٹ لائبریری شملہ :
اونچائی پر چڑھتے چڑھتے ہانپتے کانپتے ہم اس مقام پر پہنچےجسے Ridge کہتے ہیں۔ اسے شملہ کا دل سمجھا جاتا ہے - وہاں ہمیں ہندوستان کے مختلف حصوں اور بیرونی ممالک کے سیاح کافی تعداد میں دکھائی دۓ - سڑک کے کناروں پر
بیٹھنے کے لئے بنچس موجود تھے - جن کو اسٹیڈیم کی طرز پر بچھایا گیا تھا - یعنی کہ بنچ کی ہر قطار اس کے سامنے والی قطار سے قدرے اونچی سطح پر رکھی گئی تھی - تاکہ بلا روک ٹوک مرکز میں موجود عمارتوں کا نظارہ کیا جا سکے ہم بھی جاکر وہاں بیٹھ گئے تاکہ اپنی سانسوں کو سنبھال سکیں- میں نے پرس میں سے پانی کی بوتل نکال کر پانی کے گھونٹ بھرنے کے لئے تھوڑی سی گردن اونچی کی تو دیکھا ہر طرف پہاڑیوں اور وادیوں کا خوبصورت منظر تھا ۔ ان کے درمیان کلاسک عمارتی فن تعمیر کے ساتھ اسٹیٹ لائبریری بھی موجود تھی جو محل وقوع کی خوبصورتی میں اضافہ کررہی تھی۔
لائبریری کی یہ خوبصورت عمارت 1860 میں تعمیر کی گئی تھی جو نو ٹیوڈر طرز تعمیر کی بہترین مثال ہے یہ قصبے میں انگریزوں کی تعمیر کردہ پہلی عمارتوں میں سے ایک ہے۔
پہلے اس میں شملہ رضاکار اور محکمہ صحت کام کرتا تھا۔ اس کے بعد اسے میونسپل لائبریری کو دے دیا گیا- جسے بعد میں اسٹیٹ لائبریری کے طور پر دوبارہ ڈیزائن کیا گیا۔ جب عمارت کو لائبریری میں تبدیل کیا گیا تو اندرونی حصوں میں بہت سی تبدیلیاں کی گئیں۔
عمارت دو منزلہ ہے۔ گراؤنڈ فلور پر اسٹیک ہال، ٹیکنیکل سیکشن اور سرکولیشن ڈیسک ہیں۔ پہلی منزل پر لائبریرین کا کمرہ، دفتر، حوالہ سیکشن، چلڈرن سیکشن میگزین سیکشن اور ریڈنگ روم ہیں۔
لائبریری میں 32,000 سے زائد کتابوں کا بھرپور ذخیرہ ہے۔ شملہ میں عام طور پر ہندی اور انگریزی بولی جاتی ہے - اسی لئے لائبریری میں انہی دو زبانوں یعنی انگریزی اور ہندی کے 11 اخبارات اور بیس میگزین بھی آتے ہیں۔
رفیعہ نوشین - حیدرآباد دکن
Muskan Malik
16-Sep-2022 05:19 PM
ماشاءاللہ ماشاءاللہ❤️کیا بات ہے
Reply